مزید خبریں

حکمرانوں کے تمام نعرے اور دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں ، جادید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ذہنی پستی کا یہ عالم ہے کہ قوم کو آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات حل کرنے اور ان کی تمام شرائط ماننے کی خوشخبریاں دی جارہی ہیں۔ ملک و قوم کا یہ المیہ ہے کہ جو بھی حکومت آئی وہ نہلے پر دھلا ثابت ہوئی ہے۔ آئی ایم ایف اور عالمی قوتوں کے غلام ابن غلام لوگ مسلط ہیں۔ ان سے نجات حاصل کرنے تک ترقی کے خواب پورے نہیں ہوسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل حکومت اور بد ترین طرز حکمرانی کی وجہ سے پاکستان کا گردشی قرضہ 25کھرب سے تجاوز کرگیا ہے جبکہ مختلف ادارے بجلی کے بلوں میں 650ارب کے نادہندہ ہیں۔ بجلی کی پیداوار میں 11.6فیصد تک اضافے کے باوجود قوم کو بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے۔ مگر حکمرانوں کے تمام نعرے اور دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پریشان ہیں۔ حکمران بتائیں کہ انہوں نے مہنگائی کے خاتمے کیلیے کیا ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔؟ موجودہ حکمران چند ماہ قبل خود مہنگائی، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف بھر پور احتجاج کررہے تھے۔ ملک کا معاشی ڈھانچہ تباہ و برباد ہو کر رہ گیا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ بنگلہ دیشی ٹکا بھی پاکستانی روپے سے زیادہ مضبوط ہوچکی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں تیس ہزار سے زائد بچے سکول چھوڑ چکے ہیں۔ اگر کتابوں اور اسٹیشنری کو سستا نہ کیا گیا تو اگست تک مزید ایک ملین بچے سکول چھوڑ جائیں گے۔ حکومت شرح خواندگی میں اضافے کے لیے تاجروں کو سبسٹڈی فراہم کرے۔