مزید خبریں

سکھر کو حکمرانوں نے کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ، زبیر حفیظ

سکھر (نمائندہ جسارت) میر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ تاریخی شہر سکھر کو ماضی کے تمام حکمرانوں نے تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے،پینے کا پانی شہر میں موجود ہی نہیں، شہری پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں،جبکہ کئی علاقوں میں ہفتوں نکلے میں پانی ہی نہیں آتا،حالیہ بارش نے سیوریج سسٹم کی ناکامی بھی بالکل واضح کردی ہے،کچرے کے ڈھیر شہر میں جگہ جگہ موجود ہوتے ہیں اور شہریوں کی بات سننے والے نمائندے الیکشن میں کامیابی کے بعد گم ہو جاتے ہیں، سکھر کے شہریوں نے حکمران جماعت کے بلندوبانگ دعوے اور عملی کارکردگی کا بار بار مشاہدہ کیا ہے۔اب شہر کی بہتری اسی میں ہے کہ شہر میں بار بار آزمائی ہوئی نااہل جماعت کے بجائے سکھر کے شہری جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کریں۔جماعت اسلامی کو جب کبھی بھی اقتدار ملا تو اس نے نعمت اللہ خان اور عبدالستار افغانی جیسے خدمت کرنے والے لوگ میدان میں اتارے اور شہروں کے نقشے تبدیل کر کے دکھائے۔انہوں نے کہا کہ سکھر شہر کا بہتر مستقبل اب صرف جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر جدوجہد کرنے سے وابستہ ہے۔جس کے نمائندے برائے فروخت نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر سے مختلف جماعتوں سے وابستہ کارکنان رابطے کر رہے ہیں اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کروا رہے ہیں۔تمام جماعتوں کے ایسے کارکنان جو اپنی کرپٹ اور نااہل قیادت سے مایوس ہو چکے ہیں، انہیں جماعت اسلامی میں شامل ہوکر جدوجہد کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیدوار برائے چیئرمین یوسی 2 عبدالباری انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بھاری اکثریت کی جماعت اسلامی کی کارنر میٹنگز میں شرکت اور سابقہ حکمران جماعت کی پروگرامات میں خالی کرسیاں الیکشن نتائج کا اعلان ہے۔26 جون کو ان شاء اللہ ترازو کی کامیابی یوسی 2 کے عوام کی کامیابی ثابت ہوگی۔اس موقع پر وائس چیئرمین کے امیدوار ادریس میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوسی کی تقریباً تمام بڑی برادریوں نے حمایت کی یقین دہانی کروادی ہے۔ہم عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور یوسی کو سکھر کیلیے مثال بنائیں گے۔اس موقع پر معیز شمسی، بلال انصاری، نورالدین شیخ سمیت معززین علاقہ نے خطاب کیا۔