مزید خبریں

حیدر آباد ، آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) محکمہ خوراک اور فلور ملز مالکان کی رسہ کشی کے باعث آٹا شدید بحران پیدا کردیا آٹا 90روپے کلو سے تجاوز کرگیا حیدرآباد فلور ملز ایسوسی ایشن نے گندم کی نقل و حمل پر عائد دفعہ 144 اور غیر ضروری چوکیوں کے خاتمے تک رولر ملز غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کی دھمکی دیدی۔محکمہ خوراک سندھ نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو ملز مالکان آج جمعرات سے ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے حیدرآباد کے سرکاری گندم گوداموں میں گندم اسٹاک کی صورتحال انتہائی نازک ہے فلفور گندم منگوا کر اسٹاک کی صورتحال کو مکمل کیا جائے حیدرآباد کے سرکاری گندم گوداموں میں ملاوٹ شدہ گندم ایک انتہائی ہی افسوسناک عمل ہے اس کا جلد تدارک کیا جائے۔ یہ فیصلہ ایسوسی ایشن کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین کنہیا لال نے کی۔ نیو مہران فلور مل پر منعقدہ اجلاس میں وائس چیئرمین جگدیش کمار النور فلور مل،جنرل سیکرٹری محمد یاسین میمن حیدرآباد فلورمل کے علاوہ محمد ناظم غوری فلور مل،محمد عادل بھٹی سکھر فلور مل،نذیر راجپر سن شائن فلور مل، چندر گل اسٹار فلورمل اور رمیش کمار نیو سندھڑی فلور مل نے بھی شرکت کی۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین کنہیا لال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم نہ ہونے کی وجہ سے رولر ملز مالکان کے لیے کاروبار کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ گندم کی نقل و حمل پر عائد دفعہ 144 اور غیر ضروری چوکیاں قائم کرکے حیدرآباد میں گندم کو آنے سے روکا جارہا ہے جس کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے سرکاری گوداموں میں گندم اسٹاک کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے حالی روڑ فوڈ گرین گودام میں پانچ لاکھ تک گندم کی بوریاں اسٹاک کرنے کی گنجائش ہے جہاں اب تک بہت کم اسٹاک رکھا گیا ہے جس کو فوری مکمل کیا جائے۔انہوں نے حالی روڑ فوڈ گرین گودام میں ملاوٹ شدہ گندم اسٹاک کرنے جیسی صورتحال پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ گندم کی نقل و حمل پر عائد دفعہ 144 غیر ضروری چوکیاں فوری ختم،سرکاری گوداموں میں ملاوٹ شدہ گندم اسٹاک کو علحیدہ اور گندم اسٹاک کی صورتحال کو جلد از جلد مکمل کیا جایے تاکہ عوام کو آنے والے دنوں میں پریشانیوں سے بچایا جاسکے۔اجلاس کے شرکا نے محکمہ خوراک سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ حیدرآباد میں گندم کی صورتحال کا نوٹس لیں۔بصورت دیگر حیدرآباد کے تمام رولر فلور ملز غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کرنے اور کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوںگے۔