مزید خبریں

ماتلی، جمیل کالونی کے مکین دو ہفتوں سے گیس سے محروم

ماتلی ( نمائندہ جسارت) ماتلی کی جمیل کالونی اور دیگر علاقوں کے عوام 21 ویں صدی میں بھی لکڑی کے دور میں داخل ہوگئے ہیں، پوری کالونی میں گزشتہ 2 ہفتوں سے گھروں میں سوئی گیس کی سپلائی بالکل بند ہے اور گھریلو خواتیں مجبوراً لکڑی کے چولہے جلا کر امور خانہ داری ادا کررہی ہیں دھوئیں سے گھر کے افراد آنکھوں، گلے اور پھیپھڑوں کے امراض کا شکار ہو رہے ہیں اور درو دیوار سیاہی کا لبادہ اوڑھ رہے ہیں، 35 سال پرانی گیس کی پائپ لائنیں 8 فٹ گہرائی میں دفن ہیں اور بوسیدہ ہو چکی ہیں ان میں سیوریج اور ڈرینیج کا پانی بھرا ہوا ہے جو کہ گیس کو گھروں تک نہیں پہنچنے دیتا، یہ مسئلہ کافی پرانا ہے اور اس کے مستقل حل کیلیے شہری سوئی سدرن گیس کمپنی سے مسلسل مطالبہ کرتے رہے ہیں اور سٹیزنز پورٹل پر بھی شکایات درج کراتے رہے ہیں مگر اس پر توجہ نہ دی گئی اور اب صورتحال گھمبیر ہوگئی ہے اور سوئی گیس کی سپلائی 2 ہفتہ سے مکمل منقطع ہے، گیس کمپنی کے مقامی اہلکار سرتوڑ کوشش کے باوجود گیس سپلائی جاری کرنے میں ناکام ہیں۔ اس مسئلے پر ایس ایس جی سی کے ماتلی کے انچارج کا کہنا ہے کہ ہم نئی لائنوں کیلیے اپنی رپورٹ بھیج چکے ہیں اب اوپر سے منظوری کے بغیر ہم کچھ نہیں کرسکتے۔جبکہ علاقے کے عوام مسلسل زیر عذاب ہیں۔ عوام نے اس سنگین صورتحال کی طرف وزیراعظم ، وزیر پیٹرولیم اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو و دیگر اعلیٰ حکام کی فوری توجہ مبذول کراتے ہوئے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ اس بنیادی انسانی مسئلے کو ترجیحی بنیاد پر فوری حل کرنے کیلیے ہنگامی اقدامات کریں بصورت دیگر شہری سخت احتجاج اور دھرنوں پر مجبور ہو جائیں گے۔