مزید خبریں

ریلوے ملازمین کی رکی ہوئی تنخواہیں ادا کی جائیں،این ایل ایف

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ ، سینئر نائب صدر قاسم جمال، جنرل سیکرٹری محمد عمر شر ،انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ، حیدرآباد زون کے جنرل سیکرٹری اعجاز حسین اور پاکستان ریلوے پریم یونین حیدرآباد زون کے صدر مبین راجپوٹ سینئر نائب صدر لئیق احمد جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ اور دیگر نے کنٹریکٹ ملازمین خصوصا ٹی ایل اے کو گزشتہ تین ماہ سے زائد عرصہ سے تنخواہیں اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہی۔رہنمائوں نے کہا کہ یہ ملازمین ریل کا پہیہ رواں رکھنے میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں گرمی ہو یا سردی بارش ہو یا طوفان یہ ملازمین جنگل اور بیابانوں سے گزرتی ریل لائنوں کو درست حالت میں رکھتے ہیں ناگہانی حادثات کی صورت میں کم سے کم وقت میں ریلوے لائن کی مرمت کرکے مسافروں کو بروقت منزل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ان ملازمین کی تنخواہیں بھی معمولی ہوتی ہیں جس سے گزربسر کرنا انتہاہی مشکل ہوتا ہے اور اگر وہ بھی وقت پر نا ملے تو گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آجاتی ہے۔ رہنما ئوں نے کہا ہے کہ پریم یونین ان غریب محنت کشوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اگر ان غریب محنت کشوں کو تین ماہ کی تنخواہ فوری ادا نہیں کی گئی تو نیشنل لیبر فیڈریشن پریم یونین کے ساتھ مل کر ہر سطح پر آواز اٹھائے گی۔