مزید خبریں

ان کو خوف تھا کہ میں لیفٹیننٹ جنرل فیض کو آرمی چیف لانا چاہتا ہوں ،عمران خان

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو خوف تھا کہ میں لیفٹیننٹ جنرل فیض کو آرمی چیف لانا چاہتا ہوں تو ان کا مستقبل تباہ ہوجائے گا۔اسلام آباد میں رجیم چینج کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھامیں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ملک کا اگلا آرمی چیف کون ہوگا، نومبر کا مہینہ آتا تو میرٹ پر آرمی چیف کا تقرر کرتا،نیوٹرلز سے پوچھتا ہوں کہ گھر پر ڈاکا پڑے تو کیا چوکیدار نیوٹرل رہ سکتا ہے؟چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف تو اپنی چوری کے پیسے بچانے کے لیے اپنی پسند کا آرمی چیف لانا چاہتا تھا، میں نے ہمیشہ کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے مفادات ایک ہیں، ماضی میں الیکشن جیتنے کے لیے دونوں ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے رہے لیکن میرے خلاف دونوں ایک ہوگئے۔سابق وزیراعظم کے بقول جب نیب رانا ثنا اللہ کے ماتحت ہو تو اندازہ کریں کیا ہوگا، چوری بچانے کے لیے انہوں نے انصاف کے اداروں کی قبر کھود دی ہے جبکہ الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کھو چکا ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اورن لیگ کو فوج سے خطرہ ہے کیونکہ ان کی چوری کی رپورٹ آئی ایس آئی اور دیگر حساس اداروں کے پاس ہوتی ہے، نواز شریف اور زرداری کے پاس چوری کا پیسہ ہے، وہ اداروں کو کنٹرول کرنا چاہتا تھا۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ امریکا نے ہمارے سربراہ کو پتھر کے دور میں دھکیلنے کی دھمکی دی، امریکا ہمارے مفاد کے لیے نہیں اپنے مفاد کے لیے حکومتوں کو تبدیل کرتا ہے، امریکا چاہتا ہے بھارت مضبوط ہو اور چین کے مقابلے میں آجائے، امریکا کا ایجنڈا ہے اسرائیل کو تسلیم کرو ،کشمیر کو بھول جاؤ ہے،امریکا چاہتا ہے بھارت کوسلیوٹ کرو،اسرائیل کوتسلیم کرنے سے کشمیرکا موقف اسی دن زیرو ہو جائے گا، پچھلے 30 سال سے کشمیری قربانیاں دے رہے ہیں، نوازشریف بھارت گیا تو حریت رہنماوں سے مودی کے ڈر کی وجہ سے ملاقات نہیں کی تھی، نجم سیٹھی، حسین حقانی جیسے لوگ چاہتے ہیں امریکا کی غلامی کرو، کیا امریکا کی غلامی سے ملک ترقی کرجائے گا؟ ملک کا آئین توڑکرامریکا کی سروس کرتے رہے، ریمنڈ ڈیوس نے دن دیہاڑے لوگوں کوقتل کیا، رمزی یوسف، ایمل کانسی سمیت پتا نہیں کتنے کیسز تھے کیا پاکستان کوفائدہ ہوا؟ قبل ازیں عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام، کورونا جیسی عالمگیر وباء کے دوران دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی معیشت کو بچایا لیکن موجودہ امپورٹڈ حکومت ملکی معیشت کو سنبھالنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔