مزید خبریں

کراچی میں موسلا دھار بارش ،سڑکیں زیر آب ،4 افراد جاں بحق ،بجلی غائب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی میں آندھی اور تیز بارش کے بعد مختلف حادثات رونما ہو ئے محمود آباد چنیسر گوٹھ، ملیر ملت ٹاؤن ،موسمیات گلشن عریشہ اور جوہر بلاک-10 چشتی نگر سمیت 4 مختلف مقامات پر دیواریں گرنے سے3بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا، شہر میں بارش شروع ہوتے ہی حسب معمول بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں تیز بارش اور آندھی سے مختلف علاقوں کی دیواریں گر گئیں۔ ملیر ملت ٹاؤن میں گھر کی دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے جس میں سے ایک کی عمر 5 اور دوسرے کی 4 سال تھی۔محکمہ موسمیات گلشن عریشہ میں دیوار گرنے سے 45 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ محمود آباد اشرف کالونی کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 12سالہ دلیپ ولد راجو چل بسا۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں آندھی کے بعد تیز بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ صدر، سائٹ ایریا، لیاقت آباد، سپرہائی وے، ملیر، شارع فیصل، گلزار ہجری، نارتھ کراچی، بفر زون، شادمان ٹاؤن، گارڈن، بہادر آباد، طارق روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ ، اورنگی ٹاون اور سائٹ ایریا میں بارش ہوئی۔بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت اکھڑ گئے جب کہ ملیر میمن گوٹھ میں کیٹل فارم کی دیواریں گر گئیں۔ اہم شاہراہوں پر پھسلن کے واقعات پیش آنے سے کئی موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے شمال مغرب میں بادل موجود ہیںجس کے بعد ایڈ یشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کراچی پولیس کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران تمام فیلڈ کمانڈرز اپنے علاقوں میں موجود ر ہیں، آپریشن اور ٹریفک میں تعینات افسران و اہلکار بھی اپنی جائے تعیناتی والے علاقوں میں موجود ر ہیں ، ٹریفک پولیس بارش کے دوران اور بعد میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔