مزید خبریں

افغانستان میں زلزلہ،ہزار سے زائد اموات،پاکستان کا اظہار افسوس امداد بجھوانے کا اعلان

کابل/پشاور(صباح نیوز + اے پی پی + مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں6.1شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی ۔افغان حکام نے ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 600سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔افغانستان میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران آنے والا سب سے خطرناک زلزلہ ہے جس کی شدت پاکستان اور بھارت میں بھی محسوس کی گئی۔ افغانستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نائب وزیر شرف الدین مسلم نے بتایاکہ زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی اور اموات صوبہ پکتیا اور خوست میں ہوئی ہیں۔ وزارت داخلہ کے اہلکار صلاح الدین ایوبی نے بتایا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کہ دوردراز علاقوں کی تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ افغان طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پکتیا اور خوست سب سے زیادہ متاثر ہوا جبکہ سیکڑوں گھر منہدم اور بری طرح متاثر ہوئے، زمین میں دراڑیں پڑگئیں، ننگرہار، لغمان، غزنی، پکتیکا،میدان وردک، لوگر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے نتیجے میں اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، متاثرہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کابل سمیت افغانستان کے500 کلو میٹر سے زائد علاقوں میں زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کیے گئے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیان شب آنے والے زلزلے کی شدت 6.1 تھی اور اس کا مرکز خوست شہر سے27 میل دور تھا،زیر زمین اس کی گہرائی 51 کلو میٹر تھی۔ افغان حکام کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی ٹیموں کو بھیجا گیا ہے۔افغان حکومت نے عالمی اداروں سے مدد کی اپیل کردی ہے۔اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور پشاور سمیت شمالی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9، گہرائی 40 کلو میٹر تھی، جب کہ زلزلے کا مرکز وسطی افغانستان تھا۔ شہریوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 30 سے 40 سیکنڈز تک محسوس کیے گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخواکے مختلف علاقوں میں بارش اورزلزلے سے2افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق نوشہرہ میں تیز بارشوں کے نتیجے میں 1شخص جاں بحق جبکہ لکی مروت میں زلزلے سے 1شخص جاں بحق ہواہے جبکہ زلز لے ا ور بارش سے صوبے کے مختلف علاقوں میں 4گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے ۔ واضح رہے کہ چند روز کے دوران پاکستان میں شدید زلزلے کا دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل جمعے کو بھی وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شدت کا زلزلہ آیا تھاجس نے خوف وہراس پھیلا دیا تھا۔ادھر پاکستان نے افغانستان میں جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امدادی سامان بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان بھجوایا جارہا ہے۔ ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں، جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے لیے دعا گو ہوں اور سوگواران سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان کے ساتھ کھڑا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں آنے والے زلزلہ سے جانی ومالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ،آرمی چیف نے افغان عوام کی ہر ممکن امداد کا بھی اعادہ کیا ہے ۔