مزید خبریں

حکومت 50 فیصد پیٹرولیم لیوی عوام پر لگائے گی،شوکت ترین کا دعویٰ

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ مقتدر حلقوں سے پوچھتا ہوں ہمیں کیوں ہٹایا گیا، ابھی بھی دیر نہیں ہوئی فوری الیکشن کرائے جائیں‘ حکومت پیٹرولیم لیوی 50 فیصد پر لے کر جا رہی ہے‘ اس فیصلے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ ہم نے مہنگائی کم کرنے کا بہترین فارمولا رکھا تھا اور روس سے سستا تیل لینے کے بعد ٹارگٹڈ سبسڈی کا ارادہ تھا‘ ہماری حکومت نے پلان کیا تھا‘4 ماہ تک کسی چیز کی قیمت نہیں بڑھے گی‘ ملک میں عدم استحکام معاشی بحران پیدا کرتا ہے جبکہ میں نے اور عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے کہا تھا کہ سیاسی عدم استحکام روکیں۔شوکت ترین نے کہا کہ موجودہ حکومت روس کے ساتھ بات کرتی اور سستا تیل لیتی لیکن انہوں نے تاخیر کی اور حکومت نے6 ہفتے تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جس سے بحران شدید ہوا‘ تیل کی کمی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے‘ بجلی کی قیمت47 فیصد بڑھ گئی اور مہنگائی کی شرح 28 فیصد ہوچکی ہے‘ حکومت نے خانہ پری کے لیے بجٹ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو صوبوں سے 700 ارب روپے نہیں مل پائیں گے اور آئی ایم ایف نے ریونیو بجٹ ساڑھے 7 ہزار ارب بڑھانے کا کہا ہے اب اگلے سال میں مہنگائی کی شرح مزید بڑھے گی۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد صرف نیب اور انتخابی قوانین میں ترامیم کرانا تھا‘ مقتدر حلقوں سے پوچھتا ہوں ہمیں کیوں ہٹایا گیا، ابھی بھی دیر نہیں ہوئی فوری الیکشن کرائے جائیں۔