مزید خبریں

چینی کنسورشیم پاکستان کو2.3 ارب ڈالر فراہم کرے گا،معاہدے پر دستخط کردیے

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ چینی کنسورشیم آف بینکس نے 2.3 ارب ڈالر قرض کی سہولت کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔وزیر خزانہ کے مطابق معاہدے کے تحت چند دنوں میں رقم پاکستان کو موصول ہوجائے گی، سہولت فراہم کرنے پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کے ذرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی، پاکستان کی جانب سے قرض کی سہولت کے معاہدے پر گزشتہ روز دستخط کیے گئے تھے۔وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس بار چین کی جانب سے یہ قرض ایک فیصد کم ریٹ پر ملا ہے۔ادھر وزیر خارجہ بلاول زرداری نے چینی کنسورشیم آف بینکس کی جانب سے پاکستان کے 2.3ارب ڈالرز پر مبنی قرض کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کرنے پر چینی صدر شی جن پنگ، چینی وزیرخارجہ وانگ ژی اور چینی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ہر دور میں دوستی نبھانے والے دوستوں کی مسلسل مدد پران کے شکرگزار ہیں۔بلاول نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ملاقات کی تصویر بھی اپنے ٹویٹ کے ساتھ جاری کی ہے۔