مزید خبریں

بلدیاتی انتخابات ملتوی‘ 65 روز میں حلقہ بندیوں کااعلان ہوگا

اسلام آباد ( آن لائن،صباح نیوز )اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواستیں منظور کرلیں اور نئی حلقہ بندیاں کرنے کا حکم دیدیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی درخواست پر سماعت کی،سماعت کے آغاز پر عدالت نے الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ انہوں نے اس معاملے پر کیا فیصلہ کیا ہے، جس پر انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکومتی نوٹیفکیشن کے تحت وضاحتی مو¿قف دیا گیا ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں الیکشن کتنے دنوں میں ہوگا جس پر الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ 60 سے 65 روز میں الیکشن کروائے جاسکتے ہیں،چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ کچھ شکایات آئی ہیں وہ بھی دیکھ لیں، ووٹ کو ایک وارڈ سے دوسرے وارڈ میں منتقل نہ کیا جائے، الیکشن کمیشن نے مو¿قف پیش کیا کہ پہلے نئی حلقہ بندیاں کریں گے پھر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول دیں گے، عدالت وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے لیے تعاون کا حکم دے،ان کا کہنا تھا کہ 60 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرکے الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا،کمیشن نے کہا کہ حکومتیں بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹیں ڈالتی ہیں،بلدیاتی انتخابات کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کا حکم دے۔عدالت نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی اسلام آباد بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستیں منظور کرلیں اور الیکشن کمیشن کو65 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرکے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دیدیا۔علاوہ ازیںالیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ کےلیے بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا، اسلام آباد میں بلدیاتی حلقہ بندیاں 28 جون سے 21 جولائی تک کی جائیں گی،حتمی فہرست 26 اگست کو جاری کی جائے گی۔ بدھ کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا، اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کےلیے حلقہ بندیاں 28 جون سے 21 جولائی تک کی جائیں گی، ابتدائی فہرست 22 جولائی کو شائع کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 23 جولائی سے 7 اگست تک ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات دائر کیے جاسکیں گے، جبکہ الیکشن کمیشن وفاقی دارلحکومت میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 26 اگست کو جاری کریگا۔ الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اسلام آباد میں پچاس کے بجائے اب 101 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، عدالتی حکم پر الیکشن کمیشن نے انتخابات کا نیا شیڈول جاری کرنے موقف اپنایا تھا۔الیکشن کمیشن نے 31 جولائی کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا گیا۔