مزید خبریں

سندھ :بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 26 جون سے شروع ہوگا،500 سے زائد امیدوار بلا مقابلہ کامیاب

کراچی (نمائندہ جسارت)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ 26 جون 2022 کو4ڈویژنوں کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے محکمہ داخلہ کو بلدیاتی انتخابات کے دوران اسلحے کی نمائش کے خلاف دفعہ 144 نافذ کرنے کی ہدایت کی اور پولیس سے بھی کہا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوئیک ری ایکشن فورس(کیو آر ایف)تعینات کرے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان کی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوںنے ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس سے کہا کہ وہ الیکشن لڑنے والی سیاسی جماعتوں اور گروپوں سے ملاقات کریں اور انہیں ضابطہ اخلاق کے حوالے سے اعتماد میں لیں۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو پولنگ ایریاز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب گاڑیوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کی تاکہ سرگرمیوں پر کڑی نگرانی کی جا سکے۔ اجلاس میں آئی جی پولیس غلام نبی میمن، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکرٹری فیاض جتوئی، سیکرٹری داخلہ سعید منگنیجو، کمشنر کراچی اقبال میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو اور متعلقہ ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔ جبکہ میرپورخاص، لاڑکانہ، سکھر اور میرپورخاص ڈویڑن کے کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی تیاریوں اور این اے 245 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے اجلاس کے بعد کراچی کنٹونمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات اور ملک میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر نے چیف آف آرمی اسٹاف کو سیکورٹی تعاون کے لیے خط لکھا ہے کہ مگر فوج اس وقت خود پولنگ اسٹیشن سے دور رہنا چاہتی ہے اور یہ اس کی اپنی پالیسی ہے ،ہم اس پر سوال نہیں اٹھاسکتے۔تاہم رینجرز پولنگ اسٹیشن کے قریب ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ بعض لوگ الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں ، یہ عمل عوام کے اعتماد کو ٹھیس اور جمہوریت کو نقصان پہنچارہاہے ، بے بنیاد الزام تراشی کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔
بلدیاتی انتخابات