مزید خبریں

جنگلات کی آگ کرپشن چھپانے کیلیے تھی، شرجیل میمن

کراچی(نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سب سے بڑا چور عمران خان نیازی ہے۔ وہ بتائیں کہ بی آر ٹی پشاور پر اسٹے آرڈر کیوں لیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور پر سی ایم آئی ٹی رپورٹ میں 7 ارب روپے وصول کرنے کے شواہد ملے تھے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم عدالت عظمیٰ سے اپیل کرتے ہیں کہ اسٹے آرڈر ختم کیا جائے اور ایف آئی اے اور نیب سے پشاور بی آر ٹی ، مالم جبہ اور بلین ٹری سونامی اسکینڈلز کی تحقیقات کروائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا فارن فنڈنگ کیس کو طول دینے کا حربہ ان کے گناہ کو ثابت کرتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عدالت عظمیٰ سے اپیل کرتے ہیں کہ ثاقب نثار کے دور میں صادق اور امین قرار دینے کے معاملے کو دوبارہ میرٹ پر سنا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں یکم مئی سے 10 جون تک جنگلات میں 454 آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جس میں بلین ٹری سونامی کا 488 ایکڑ رقبہ جل گیا۔پی ٹی آئی نے اپنی کرپشن چھپانے کے لیے مصنوعی طور پر جنگلات میں آگ لگائی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان اگر واقعی ایماندار ہیں تو بنی گالا کی فرنٹ ویمن فرح گوگی کو سامنے لائیں۔ فرح گوگی کی وکالت کرنا عمران خان کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔