مزید خبریں

شہروز کاشف نے مزید5چوٹیاں سرکرنے کا ارادہ کرلیا

اسلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے 8ہزار میٹر سے بلند مزید 5چوٹیوں کو اس ہی سال کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔دنیا کی 5بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف نے بتایا کہ وہ اگلے ماہ پاکستان میں موجود 8ہزار میٹر سے بلند مزید 3چوٹیوں کو سر کریں گے اس سلسلے میں وہ یکم جولائی کو 8،125 میٹر بلند دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت پر مہم جوئی شرو ع کریں گے۔نانگا پربت کے بعد وہ گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو کو سر کریں گے۔ شہروز کاشف کا کہنا تھا کہ وہ اس سال ستمبر میں ایک بار پھر نیپال کا رخ کریں گے جہاں وہ دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی چی اویو اور ساتویں بلند ترین چوٹی دالاگیری کو سر کریں گے ۔ اگر شہروز ان تمام ٹارگیٹس کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو اس سال کے آخر تک وہ 8 ہزار میٹر بلند 14 چوٹیوں میں سے 12 کو سر کرلیں گے۔شہروز کاشف تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کرنا چاہتے ہیں۔پاکستانی کوہ پیما نے گزشتہ ماہ نیپال میں کینچن جونگا، لوٹسے اور مکالو کو سر کیا تھا اور اس سے قبل وہ مانٹ ایوریسٹ، کے ٹو، مناسلو اور براڈ پیک سر چکے ہیں۔شہروز کاشف کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ریکارڈ کی جانب بڑھنا چاہتے ہیں لیکن اسپانسرز کی عدم موجودگی ان کی پیش قدمی میں حائل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سال مزید 5 چوٹیوں کو سرکرنے کا پلان تو بنالیا ہے لیکن اگر بروقت اسپانسرشپ نہ مل سکی تو ریکارڈ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی ہوسکتی ہیں۔