مزید خبریں

ماتلی،پبلک پارک کی تعمیری کام جاری ،شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

ماتلی(نمائندہ جسارت) صوبائی مشیر میڈم امّہ حبیبہ تنزیلا قنبرانی اور ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان کی کوششوں سے ماتلی میں پبلک پارک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔شہر کے وسط میں موجود ویٹرنری اسپتال سے ملحقہ ڈیڑھ ایکڑ سرکاری اراضی پر نہ صرف یہ کہ پارک بلکہ اسی اراضی کے ایک حصہ پر ویٹرنری اسپتال کی جدید اور خوبصورت عمارت کا تعمیراتی کام بھی جاری ہے۔یہ اسپتال مویشیاں 1915ء میں برطانوی حکومت کے دور میں ایک اسٹیل نامی انگریز کی زیر نگرانی مویشیوں کے علاج معالجہ کے نام پر قائم ٹرسٹ کے تحت تعمیر کرایا گیا تھا۔ اس ٹرسٹ کے زیر انتظام میں ماتلی سمیت سندھ کے شہروں کراچی،حیدرآباد اور نواب شاہ میں بھی ویٹرنری اسپتال قائم کیے گئے تھے۔ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل بدین آغا شاہنواز خان نے 107 سال پرانے اسپتال کی نئی عمارت اور پبلک پارک تعمیر کرا کر شہریوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے۔