مزید خبریں

نااہل حکومت کی وجہ سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ اتحادی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے غریب مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔نان روٹی کی قیمت میں اضافہ غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھینے کے مترادف ہے۔ تندور ملکان سرکار ی ریٹ پر آٹے کی عدم دستیابی اور پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کو جواز بنا کر پیش کررہے ہیں۔پنجاب حکومت کے احکامات کے باوجود شہر بھر میں روٹی 12 جبکہ نان 18 روپے میں فروخت ہورہا ہے جو قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مختلف سیاسی و سماجی وفود سے ملاقاتوں کے دوران تندور ملکان کی جانب سے نان روٹی کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ بازاروں اور مارکیٹوں میں حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے،بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے بعد لوگوں کی قوت خرید انتہائی کم ہو گئی ہے جبکہ روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں دگنا ہ اضافہ ہوگیا ہے۔ جو غریب دس روپے کی روٹی بازار سے خرید تا تھا اب وہ بھی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے شدید متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کم ہونے کے بجائے ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔گزشتہ چار سالوں میں لاکھوں افراد بے روزگار ہوکر غربت کی چکی میں پسنے پر مجبور ہیں۔ امیر لاہورنے کہا کہ موجودہ سابق حکمران آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر مہنگائی کے ذریعے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔کمر توڑ مہنگائی اور بیڈ گورننس کی وجہ سے ملک معاشی وسیاسی بحرانوں سے دوچار ہے اور عوام دو وقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہیں۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ غریب اور سفید پوش کے معاشی حالات پر رحم کھائے، تندور ملکان کے تحفظات دور کرے اور بازاروں میں سرکاری نرخ نامے کے مطابق نان رو ٹی فروخت کو یقینی بنائے تاکہ عوام کو کم ازکم سستی روٹی تو مہیایا ہوسکے۔