مزید خبریں

حکومت فلم انڈسٹری اور موسیقی سے متعلق غیر شرعی اقدام واپس لے

 

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم عمر بلال پنسوتہ ،جنرل سیکرٹری میاں حمزہ تجمل نے کہا ہے کہ قومی بجٹ میں فلم انڈسٹری کو رعایت،موسیقی نصاب میں شامل اور سیرت النبیؐ کو نصاب سے خارج کرنا المیہ ہے،پاکستان اسلامی نظریاتی ملک ہے،قرارداد پاکستان نے برصغیر کے مسلمانوں میں اسلامی ریاست کی سوچ کو پروان چڑھایا حکومتی فیصلہ قرآن و سنت اور آئین ملکی تشخص کے منافی ہے جسے پاکستان بھرکے طلبہ مسترد کرتے ہیں حکومت فلم انڈسٹری اور موسیقی سے متعلق غیر شرعی اقدام واپس لے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں تعلیمی بجٹ میں اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے، انھوں نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان میں تعلیم کو جی ڈی پی کو 4 فیصد بجٹ دیا جائے، یونیورسٹی اور کالجز کی فیسوں میں نمایاںکمی کی جا ئے،یونیورسٹیز کی گرانٹ میں اضافہ کیا جا ئے حکومتی گرانٹ میں کٹوتی فیسوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے،نجی یونیورسٹیز کی من مانیاں کنٹرول کرنے کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جا ئے۔انہوںنے کہا حالیہ بجٹ کے بعد پاکستان کی جامعات مزید خسارے سے دوچار ہوں گی جس کا نتیجہ فیسوں میں بے تحاشا اضافے کی صورت میں نکلے گا، جس کی وجہ سے طلبہ وطالبات شدید مشکلات کا شکار ہوں گے، متوسط طبقے کے طلبہ کے لیے تعلیمی سلسلہ برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا، ایک سروے کے مطابق 75 فیصد طلبہ کے لیے تعلیم تک رسائی مشکل ہے، موجودہ بجٹ میں طلبہ کا تعلیمی، معاشی قتل عام کیا گیا ہے، پاکستان وہ واحد ملک ہے جس میں نوجوانوں کی تعداد 60 فیصد ہے اور یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق 22.8 ملین بچے تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، حکومت پاکستان فی الفور اس اہم مسئلہ کی طرف توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں لگائے گئے ودہولڈنگ ٹیکس کو موجودہ حکومت نے بھی برقرار رکھا ہے جو کہ سابقہ دور حکومت کے تسلسل کا عکاس ہے، ہمارا حکومت سے مطالبہ کہ تعلیم کے شعبے تمام ٹیکسز کو ختم کیا جائے، ترقی یافتہ ممالک میں جی ڈی پی کا ایک بڑا حصہ تعلیم پر صرف کیا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں معاملہ اس کے برعکس ہے، جب تک بجٹ کا4 فیصد حصہ تعلیم کے لیے مختص نہیں کیا جاتا شعبہ تعلیم کے حالات بہتر نہیں ہوسکتے موجودہ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے،حکمران مشکل فیصلے ضرور کریں مگر عوام کی مشکلات نہ بڑھائیں،ن لیگ اقتدار تک پہنچے کے بعد عوام کو بھول گئی ہے کمر توڑ مہنگائی کرکے غریبوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے،عوام معاشی قومے میں چلی گئی ہے اپنی ناکامی کا الزام سابقہ حکومت پر ڈال کر عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔