مزید خبریں

سعودی سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار کر نا چاہتے ہیں، فہد بن محمد الباش

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) سعودی عرب کے ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد نے سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کے ساتھ ایک مقامی ہوٹل میں دلچسپی کے شعبوں میں بی ٹو بی ملاقاتیں کیں۔ وفد میں خوردنی تیل، فوڈ پروسیسنگ، تجارت، تعمیراتی مواد، سیاحت و مہمان نوازی، مینوفیکچرنگ، طبی سامان و آلات ، فنٹیک، فارماسیوٹیکل اور انفرااسٹرکچر سروسز سمیت دیگر شعبوں کے نمائندگان شامل تھے۔وفد اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ پاکستان میں کاروبار کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فائدہ مند نتائج حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی حکومتی تعلقات کی طرز پر مضبوط تجارتی تعلقات قائم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے آپس میں مضبوط روابط قائم کر کے ایک دوسرے کے ملک میں پائے جانے والے کاروباری مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 20 فیصد افرادی قوت پاکستان سے ہے اور ان کا ملک پاکستان سے مزید تربیت یافتہ ورکرز درآمد کرنا چاہتا ہے،سعودی عرب کی معیشت کے کئی شعبوں بشمول کیمیکل انڈسٹری، رئیل اسٹیٹ اور سیاحت میں پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے بھی پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے وہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ ہے اور وہ دونوں ممالک کے سفارتخانوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ دونوں ممالک میں پائے جانے والے کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سعودی مصنوعات اور سعودی عرب میں پاکستانی مصنوعات کی نمائشیں منعقد کی جائیں گی۔