مزید خبریں

عوام جمہوریت کی باتیں کرنے والوں کا اصل چہرہ دیکھ چکے،سعد رضوی

خیرپور(جسارت نیوز) تحریک لبیک پاکستان کے امیر مولانا سعد رضوی کہنا تھاکہ سندھ میں حکمران جماعت بلدیاتی انتخابات میں پولیس کی سپورٹ لے رہی ہے، بلدیاتی انتخابات میں تحریک لبیک بھرپور شرکت کریں گے.قادری تحریک کے سربراہ درگاہ پیر سید محمد عاشق علی شاہ جیلانی کے سجادہ نشین پیر سید سردار علی شاہ جیلانی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال گھمبیر ہے، مہنگائی بھوک افلاس بیروزگاری کے ستائے عوام خودکشیاں کررہے ہیں اپنے لخت جگربچے فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں حکمرانوں نے کبھی بھی عوام کا نہیں سوچا،یہ صرف اپنی رقم چھپانے میں لگے ہوئے ہیں،عمران خان ہو یا آصف زرداری اور نواز شریف سب کرپٹ حکمرانوں میں شمار ہوتے ہیں، اسلام آباد اور لاہور میں جمہوریت کی باتیں کرنے والوں کا اصل چہرہ دیکھ چکے ۔انہوں نے بتایاکہ کراچی میں انتخاب کے دوران بڑی مداخلت کی گئی تھی،دھاندلی کے تحت تحریک لبیک کو ہرایا گیا، حکومت کو جہاں سے تیل سستاملے وہاں سے خرید لے، ان لوگوں کو عوام کی تکلیف کا احساس نہیں وہ صرف امریکا سے ڈرتے ہیں۔