مزید خبریں

ڈیتھ گرانٹ کے کیسوں کا فیصلہ نہ کرنا زیادتی ہے ،این ایل ایف

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ ، سنیئر نائب صدر قاسم جمال، جنرل سیکرٹری محمد عمر شر ،انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ، حیدرآباد زون کے جنرل سیکرٹری اعجاز حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں ڈیتھ گرانٹ کے کیسوں پر طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود فیصلہ نہ کرنے اور غریب بیواؤں اور یتیم بچوں کو طویل عرصہ تک ان کے حق سے محروم رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے محکمہ محنت سندھ کے اعلیٰ حکام کی غریب دشمنی اور بے حسی کا عکاس قرار دیا ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ یوں تو اس محکمہ کا آوے کا آوا ہی بگڑا ہو ا ہے اس کے اعلی حکام اور اہلکاروں نے خو د غرضی مفاد پرستی کی تمام حدیں پار کرلی ہیں غریب بیواؤں اور یتیم بچوں کو بار بار دفتر کے چکر کٹوانا معمول بنا رکھا ہے اعلیٰ حکام کی متعدد مرتبہ توجہ اس جانب مبذول کرائی جا چکی لیکن بے حس افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی نہ ہی انہیں غریب بے سہارا بوڑھوں اور بیوائوں کی حالت پر رحم آتا ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ غریبوں کو جو کچھ بھی دیا جاتا ہے یا تو ان ہی محنت کشوں سے وصول کردہ چندہ میں سے ہوتا ہے یا پھر سرمایہ کار اور صنعتکاروں سے مختلف ٹیکسوں کے نام پر وصول کیا جاتا ہے جس میں سے یہ بے حس افسران اپنی تنخواہ بھی وصول کرتے ہیں ۔ان رہنمائوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر متعلقہ حکام اور اہلکاروں نے اپنا قبلہ فوری درست نہ کیا اور ڈیتھ گرانٹ کے کیسوں پر جلد ادائیگی نا کی تو NLFہر سطح پر آواز اٹھائے گی اور راست اقدام سے بھی گریز نہیں کرے گی۔