مزید خبریں

ہمارا مقصد معذور افراد کو معاشرے کا بامقصد شہری بنانا ہے،ہینڈز

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے عہدیداروں و ممبران نے ہینڈز انڈپنڈنٹ لیونگ سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں معذور افراد کو دی جانے والی سہولیات اور تربیت کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ دورہ کرنے والی ٹیم میں ایچ یو جے (ورکرز) کے صدر ناصر شیخ، جنرل سیکرٹری امجد اسلام، رکن گورننگ باڈی غلام قادر توصیفی اور ممبران شامل تھے۔ہینڈز انڈپنڈنٹ لیونگ سینٹر کے پروجیکٹ منیجر لال محمد نے بتایا کہ سینٹر میں اس وقت 45 معذور افراد موجود ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں یہ افراد جو گھروں میں تنہائی کا شکار تھے ان کی یہاں روزانہ تعلیم وتربیت دی جاتی ہے اور انہیں گھر جیسا ماحول فراہم کیا جاتا ہے ان کی تمام تر ضروریات کا خیال رکھا جاتا ہے۔ ہمارا مقصد معاشرے کے ان افراد کو جنہیں آج معاشرہ قبول کرنے کو تیار نہیں ایک باعزت اور کارآمد شہری بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھوڑے ہی عرصے میں یہاں موجود معذور افراد اب کافی حد تک بہتر صورتحال کا سامنا کررہے ہیں، ان میں سے کئی معذور افراد مختلف جگہوں پر سروس کررہے ہیں جہاں سے انہیں اچھی آمدنی ہے، انہیں کھیلوں کی سرگرمیوں میں مصروف رکھا جاتا ہے اس کے علاوہ انہیں تفریح کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ صرف سندھ میں ڈھائی لاکھ معذور افراد ہیں جن کیلیے کم سے کم تیس سینٹر ہونے چاہئیں جہاں انہیں تعلیم و تربیت دی جائے۔ہم نے کئی سال کی جدوجہد کے بعد صوبائی حکومت سے ان معذور افراد کے حقوق کے حوالے سے ایکٹ بھی پاس کرایا ہے جو ہماری بڑی کامیابی ہے۔ اس موقع پر ایچ یو جے (ورکرز) کے صدر ناصر شیخ اور سیکرٹری امجد اسلام کا کہنا تھا کہ ہینڈز انڈپنڈنٹ لیونگ سینٹر معذور افراد کے حوالے سے جو خدمت سرانجام دے رہا ہے یہ بڑا کام ہے۔