مزید خبریں

مکلی سے دوروزقبل لاپتا ہونے والے نوجوان کی نعش برآمد

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت)مکلی سے دو روز قبل قبل لاپتا ہونے والے نوجوان کی لاش کینجھر جھیل سے برآمد ،لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مکلی سول اسپتال پہنچائی گئی، میرے دو دوستوں نے ڈپریشن میں ڈال دیا ہے جس کی وجہ سے خودکشی کررہا ہوں، نوجوان کا خودکشی سے قبل گھر والوں کو آخری پیغام، پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے ۔دو روز قبل مکلی کا ایک 23 سالہ نوجوان بہادر علی چنجنی ولد سبحان علی لاپتا ہوگیا تھا جس کی گمشدگی کی اطلاع مکلی تھانے پر دی گئی تھی نوجوان بہادر علی کی لاش منگل کے روز کینجھر جھیل سے برآمد ہوئی ہے جسے پولیس نے تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے مکلی سول اسپتال منتقل کیا۔ بہادر علی کے والد سبحان علی کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے آخری دفعہ واٹس اپ پر پیغام دیا تھا کہ مجھے میرے دو دوستوں اسماعیل ممی اور واصف کلہوڑو نے بہت ڈپریشن میں ڈالا ہوا ہے جس کی وجہ سے میں خودکشی کررہا ہوں۔ سبحان علی نے مزید بتایا کہ ہم دو روز سے اپنے بیٹے کو کینجھر پولیس کی مدد سے کینجھر پر تلاش کررہے تھے کہ میرے بیٹے کی لاش مل گئی میرا سب کچھ لٹ گیا میرے بچے کو جس نے پریشان کیا ہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کروائی جائے گی معاف نہیں کیا جائے گا ۔کینجھر پولیس کے مطابق نوجوان کی جیب سے نہ موبائل اور کوئی چیز بھی برآمد نہیں ہوئی ہے۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق لاش پر کوئی ظاہری نشانات بھی نہیں ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوان نے خودکشی کی ہے یا اسے ڈبو کر مارا گیا ہے پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔