مزید خبریں

جماعت اسلامی کی سندھ میں بارش کے بعد ابتر صورتحال اورلوڈشیڈنگ پر تشویش

کراچی ( نمائندہ جسارت )جماعت اسلامی سندھ نے سندھ میں بارشوں کے بعد شہروں کی ابتر صورتحال اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب، بجلی کی بحالی اور شہریوں کو دوہرے عذاب سے بچانے کے لیے فوری اورکرپشن فری اقدامات کیے جائیں۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امراء پروفیسر نظام الدین میمن، ممتازحسین سہتو،حافظ نصراللہ چنا،اظہار الحق، جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ اورمجاہدچنا نے آج ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ سندھ کے بالائی اضلاع خصوصاً سکھر، جیکب آباد، کشمور اور شکارپور میں ہونے والی بارش کے بعد علاقے تالاب،شہروں میں کیچڑ اور بجلی غائب ہونے کی صورتحال میں عوام دوہرے عذاب کا شکار ہیں، پیپلزپارٹی تسلسل کے ساتھ گزشتہ 3 ادوار سے حکمرانی کررہی ہے مگر حکومت عوام کے مسائل حل کرنا تو درکنار اس دور جدید میں عوام کو صاف پانی فراہم کرنے میں بھی ناکام ثابت ہوئی ہے، معمولی بارش سے مذکورہ بالا شہروںکے اہم علاقے تالاب کا منظر پیش کررہے ہیں، عوام کے لیے روڈ اور راستوں پر چلنا بھی مشکل ہوگیا ہے، کروڑوں کے ترقیاتی بجٹ کرپشن کی نذر کرنے کے بجائے عوام کی فلاح وبہبود، شہروں کی ترقی ڈرنیج سسٹم کی درستگی پر لگائے جاتے توآج سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر سمیت باقی اضلاع کی یہ صورتحال نہ ہوتی، جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے زور دیا کہ حکومت عوام کو مشکلات سے نکالنے اور بارش کے پانی کی نکاس کے لیے فوری وعملی اقدامات کرے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔