مزید خبریں

روپے کی قدر میں کمی سے قرضوں میں 3 ہزار 600 ارب روپے کا اضافہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) شہباز شریف حکومت کے ڈھائی ماہ میں روپے کی قدر میں کمی سے قرضوں میں 3 ہزار 600 ارب روپے کا اضافہ، 70 دنوں میں ڈالر 28 روپے مہنگا ہو چکا، انٹربینک میں ڈالر 211 روپے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 215 روپے کی سطح بھی عبور کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روزکے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید ایک روپیہ 52 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 209 روپے 96 پیسے سے بڑھ کر 211 روپے 48 پیسے ہو گئی ہے۔ اْدھر اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالرکی قیمت میں ایک روپیہ 50 پیسے کی بڑھوتری دیکھی گئی اور قیمت 215 روپے 50 پیسے پر پہنچ گئی، دو ماہ میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 روپے 50 پیسے مہنگا ہوا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت ختم ہونے اور مسلم لیگ ن کی مخلوط آنے کے بعد دوماہ میں انٹربینک میں ڈالر 28 روپے 55 پیسے مہنگا ہوا۔ ڈالر مہنگا ہونے سے بیرونی قرضے 3600 ارب روپے بڑھ گئے ہیں۔