مزید خبریں

حمزہ شہباز اپنی وزارت اعلیٰ کے تحفظ کیلیے کچھ بھی کر سکتے ہیں، شاہ محمود

اسلام آباد (آن لائن/ مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کی ساکھ متاثرکرے گی، حمزہ شہباز اپنی وزارت اعلیٰ کے تحفظ کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں‘ نظرآنے اور نہ آنے والے ہاتھ بھی پیچھے ہیں‘ 14 ڈی پی اوز کو ہدایات دی گئیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا مستقبل ضمنی انتخابات کے ساتھ جڑ اہے‘پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے فیٹف قانون سازی کی مخالفت کی اور این آر او ٹومانگا ‘ آج دونوں کس بات کا کریڈٹ لے رہی ہیں۔ منگل کو پریس کانفرنس اور اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب ہم فیٹف کے حوالے سے قانون سازی کر رہے تھے تو پیپلز پارٹی اورن لیگ دونوں اس عمل سے گریزاں تھیں‘ ہمارے عسکری ادارے کے متعلقہ حکام اور اسٹیٹ بینک کے لوگوں نے بہت تعاون کیا۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات سے قبل حکومت اپنی مشینری کا استعمال کر رہی ہے‘ پریس کانفرنس میں تو ڈی سی کا عمل نہیں ہونا چاہیے مگر یہاں پر پریس کانفرنس بھی ڈی سی حضرات کروا رہے ہیں۔