مزید خبریں

دہشت گردوں، آمروں اور بزدلوں نے میری والدہ کو قتل کیا ، بلاول

اسلام آباد/ کراچی (آن لائن/ اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف ٹیم کے دورے سے پہلے پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا‘ ہماری خارجہ پالیسی ہے تجارت چاہتے ہیں،بھیک نہیں مانگیں گے‘عمران خان نے کرپشن کے لیے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر ایک کمپنی بنائی مگر اب انہیں عدالتوں میں کرپشن کا جواب دینا ہوگا‘توشہ خانہ اور کرپشن کا جواب دینا ہوگا‘ دہشت گردوں‘ آمروں اور بزدلوں نے میری والدہ کو قتل کیا‘ قاتلوں سے کہوں گا کہ تم زندہ ہوکر مردہ ہو، وہ مر کر بھی زندہ ہیں۔ لاڑکانہ میں عوامی اجتماع اوراپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ محترمہ 30 برس سے زاید عرصے تک جمہوریت کی بحالی، غریبوں کے لیے معاشی آزادی اور اسلام کے امن پر مبنی پیغام کے لیے جدوجہد کرتی رہیں‘ وہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں لوگوں کے دل و دماغ میں زندہ ہیں۔ علاوہ ازیں محترمہ بینظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ کی تقریب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو نہ صرف پارٹی کارکنان بلکہ پورے عالم اسلام اور دنیا میں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے‘ بینظیر بھٹو ثابت قدمی، جدوجہد اور جمہوریت کی علامت تھیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے اپنی کابینہ اراکین کے ساتھ محترمہ بینظیر بھٹو کی69 ویں سالگرہ کی مناسبت سے 69 پانڈ کا کیک کاٹا۔