مزید خبریں

اسمال ٹریڈرز کا ناموس رسالت اور بھارتی مظالم کیخلاف کل احتجاج کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز نے بھارت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس پر بھارتی جنتا پارٹی کی سرپرستی میں ناپاک جسارت کی بھرپور مذمت اور ناموس رسالت کے مسئلہ پر احتجاج کرنے والے بھارتی مسلمانوں کے قتل عام، گرفتاریوں اور گھروں کی مسماری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، تاجروں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت سے فوری طور پے سفارتی تعلقات ختم کرے بھارتی فلموں اور چینلز پر پابندی عاید کی جائے، بھارتی مال کی امپورٹ بند کی جائے۔ یہ مطالبات آج اسمال ٹریڈرز کراچی کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیے گئے جو مرکزی جنرل سیکرٹری محبوب اعظم کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس سے اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد سینئر نائب صدر لیاقت علی جاوید حاجی عبداللہ نوید احمد عثمان شریف بابر بنگش اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مرکزی رہنما محبوب اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناموس رسالت کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے بھارت کی ناپاک جسارت ہمارے لیے چیلنج ہے، انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کے مسئلے پر عرب ممالک کی معاشی بائیکاٹ کی مہم قابل قدر ہمیں بھی اس پر عمل کرنا چاہیے ،اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد نے کہا کہ ہمیں بھارت سے تجارتی تعلقات ختم کر لینا چاہیے، بھارتی فلموں اور ڈراموں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے اور بھارتی چینلز پر پابندی عاید کی جائے۔ انہوں نے بھارتی مسلمانوں پر ہندو انتہا پسندوں کے حملوں اور ان کے گھروں کو مسمار کرنے کوشرمناک دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ ہندو انتہا پسند اسرائیلی دہشت گردوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں جس کی انہیں بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔ انہوں نے کہا بی جے پی کی مسلمانان ہند کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں غزوہ ہند کو قریب سے قریب تر لا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 23 جون کو ناموس رسالت پر حملے اور بھارتی دہشت گردی کے خلاف کراچی کے تاجر لیاقت آباد میں احتجاج کریں گے۔