اسلام آباد (آن لائن)مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ فتنہ خان کا رونا دھونا بنتا ہے کیونکہ سیاسی مستقبل ختم ہورہا ہے، نیب کا رونا رونے والے نے چیئرمین نیب کی وڈیوز لینے کے لیے طیبہ کو ہفتوں حبس بیجا میں رکھا پھر ان وڈیوز کے ذریعے چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا اور من پسند فیصلے لیے۔انہوں نے ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ میڈیا پر فتنہ خان کا رونا دھونا بنتا ہے، اس کو نا صرف اپنے مخالفین کے خلاف انتقام پر مبنی جھوٹے مقدمات کے پول کھلنے پر دھول چاٹنا پڑ رہی ہے بلکہ چور ڈاکو والا سیاسی بیانیہ بھی بری طرح پٹ گیا۔ سرٹیفائڈ جھوٹے کو پتا ہے کہ جماعت ٹوٹ رہی ہے اور سیاسی مستقبل ختم ہے۔روئے نا تو کیا کرے؟ مریم نواز نے کہا کہ نیب کو اپنے سیاسی مخالفین پر وار کرنے کے لیے استعمال کرنے پر سخت ایکشن ہونا چاہیے۔