مزید خبریں

ڈاؤ یونیورسٹی :ایچ پائیلوری کی تشخیص کا ٹیسٹ یوریابریتھ متعارف

کراچی(پ ر) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے سانس کے ذریعے (ہیلی کوبیکٹر پائیلوری یا عرف عام میں) ایچ پائیلوری کی تشخیص کا تیزترین، سہل اور زیادہ مؤثر ٹیسٹ یوریا بریتھ(یوبی ٹی) انتہائی کم نرخوں پر متعارف کرادیا۔ پہلے مرحلے میں ٹیسٹ کی سہولت ڈاؤ مین لیب سمیت 51 مقامات پر دستیاب ہوگی، اندرون سندھ اور بلوچستان کے عوام بھی جلدہی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ڈاؤ کی سندھ اور بلوچستان میں کل59برانچز ہیں جوکہ بہت رعایتی نرخوں پر تشخیصی ٹیسٹ کی سہولتیں فراہم کر رہی ہیں۔ٹیسٹ کی سہولت کی افتتاحی تقریب میں بات کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ پاکستان میں 80 فیصد آبادی ایچ پائیلوری سے متاثر ہے جس کے لیے مؤثراور فوری نتائج کے حامل ٹیسٹ کی سہولت میسر نہیں تھی۔ ریسرچ سے معلوم ہوا ہے کہ ایچ پائیلوری کی بعض اقسام سے معدے کے کینسر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے اورتاخیر سے تشخیص ہونے کے باعث ایچ پائیلوری کے انفیکشن سے معدے میں السر ہوجاتا ہے۔ ریسرچ سے ثابت ہوتا ہے کہ چھوٹی آنت میں 90 فیصد سے زائد السر کی وجہ ایچ پائیلوری ہے اس لیے اس کی تشخیص فوری اور سہل کرنے کی ضرورت تھی جبکہ یوریا بریتھ ٹیسٹ 98 فیصد مؤثر ہے۔ یوریا بریتھ ٹیسٹ میں استعمال مشین پوائنٹ آف کیئر (POC-one) کی افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر کے علاوہ ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زاہد اعظم، ڈائریکٹر کمرشل آپریشنز ڈاؤ لیب سلیم چوہان اوردیگر بھی موجود تھے۔