مزید خبریں

کورونا کیسز، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا اظہار تشویش

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو ویکسین کے حوالے سے غلط فہمیوں کا سدباب کرنے اور بوسٹر ڈوز لگوانے کے لیے عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے فوری طور پر میڈیا مہم شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ ملک میں ہر جگہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرائے اور ماسک پہننا لازمی قرار دیا جائے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سینٹر کے اعزازی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد نے کہا کہ ملک میں خاص طور پر کراچی اور حیدرآباد میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں مثبت کیسز کا تناسب بالتر تیب 10.08 فیصد اور 16.67 فیصد ہے۔ اسلام آباد اور ملک کے کچھ دوسرے شہروں میں بھی مثبت کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے۔کووڈ19 کے کیسز میں یہ اضافہ سماجی فاصلے اور ماسک پہننا جیسی احتیاطی تدابیر سے غفلت کی وجہ سے ہے۔ لوگ زیادہ تر بازاروں، اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات، پبلک ٹرانسپورٹ اور مارکیٹوں میں بغیر ماسک کے دیکھے جاتے ہیں۔