مزید خبریں

ٹریفک و دیگر واقعات میں پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 5افراد جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات وپر تشدد واقعات میں پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 5افراد جاں بحق ہوگئے دیگر واقعات میں بچی سمیت 13افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی تھانے کی حدود دل مراد گوٹھ میں پیٹرول پمپ کے قریب پلاٹ کے تنازعے پر دو گروپوںکے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور بعد ازاں بات تصادم تک جا پہنچی اس دوران مسلح ملزمان بھی آگئے اور لاٹھی ڈنڈے بھی نکل آئے دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑے میں فائرنگ کی گئی اور آزادانہ لاٹھی ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا ، پولیس کے مطابق تصاددم کے دوران ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ عزیز بھٹی کے علاقے میں یونیورسٹی روڈ المصطفیٰ اسپتال کے قریب ہونے والے ٹریفک حادثے میں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا، جسے تشویش ناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اہلکار کی شہ رگ اور ایک پیر کٹ گیا تھا۔واٹر ٹینکر نمبر Z-2347 کی زد میں آنے والی پولیس موبائل نمبر SPG-388 پر سوار اہل کار عزیز بھٹی تھانے میں تعینات اور حادثے کے وقت ڈیوٹی پر تھا۔ ترجمان پولیس کے مطابق اہلکار کی شناخت28 سالہ محمد اسامہ خان کے نام سے کی گئی، جس کا بکل نمبر PC-38528 ہے۔ سپرہائی وے ناردرن بائی پاس عمر گوٹھ کے قریب گاڑی کھائی میں گرنے سے نجی یونیورسٹی کی طالبہ جاں بحق اور نوجوان زخمی ہوگیا۔سپر ہائی وے نادرن بائی پاس عمر گوٹھ کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری، حادثے میںجاںبحق21 سالہ اقراء جبکہ زخمی کی شناخت 20سالہ اذہان بصیر زخمی کے نام سے ہوئی ۔ خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نیوکراچی بابا موڑ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق 50 سالہ محمد سہیل ولد عبد الحبیب نارتھ ناظم آباد سخی حسن کے قریب کا رہائشی تھا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ ڈرگ روڈ ملیر کالا بورڈ ریلوے ٹریک کے قریب ٹرین کی زد میں آکر 40سالہ حنظلہ ولد شیخ امجد نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔