مزید خبریں

منگھوپیر ، خاتون کی لاش اور بچی کی شناخت ہوگئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی کے علاقے منگھوپیر سے گزشتہ روزملنے والی خاتون کی لاش کی شناخت ہوگئی ہے۔تفتیشی حکام کے مطابق منگھوپیرکے علاقے ونگی گوٹھ سے گزشتہ روزملنے والی خاتون کی لاش اوراس کے پاس موجود چارسالہ بچی کی شناخت ہوگئی ہے۔ خاتون کے فنگرپرنٹس نادرا اورمختلف اداروں میں بھیجے گئے تھے۔حکام نے بتایاکہ مرحومہ خاتون کا نام ممتاز بیگم اوربچی کا نام فاطمہ ہے۔ خاتون گلشن اقبال میں موتی محل کے قریب رہائش پذیر تھی۔خاتون کے شوہرکا نام یاسر ہے۔خاتون کا ایک سات سالہ بیٹا سونو بھی ہے جسے وہ گھرپر چھوڑ کر گئی تھی۔پولیس حکام نے بتایا کہ بائیو میٹرک سے خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی تھی، لاش کے قریب سے ملنے والی سم کے باعث شناخت ڈھونڈنے میں بہت مدد ملی، حکام نے بتایا کہ سم کی مدد سے مقتولہ کی والدہ سے رابطہ ممکن ہوا، والدہ کی جانب سے پولیس کو مزید تفصیلات فراہم کی گئیں ہیں۔حکام کے مطابق حاصل تفصیلات کی روشنی میں تحقیقات کو مزید وسیع کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روزکراچی میں منگھوپیر میں ونگی گوٹھ کے ویران علاقے میں خالی پلاٹ سے خاتون کی لاش اوران کے ساتھ چار سالہ بچی زندہ حالت میں برآمد ہوئی تھی۔