مزید خبریں

عدالت عظمیٰ : احتساب عدالتوں سے بری ملزمان کی تفصیلی رپورٹ طلب

اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے نیب احتساب عدالتوں سے بری ہونے والے ملزمان کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ملزمان ظہیر الدین،ناصر قادر،مسود اختر،سلیم اختر، خالد نعیم کی ضمانت منسوخی کے لیے دائرنیب اپیلوں کی سماعت کی ۔دوران سماعت چیف جسٹس نے نیب پراسیکوٹر سے پوچھا کہ ملزمان عدالت سے کب بری ہوئے، کیا احتساب عدالتوں سے ملزمان کی بریت کا نیب کے پاس کوئی ریکارڈ ہے۔نیب اسپیشل پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان 31 جنوری 2022 کو احتساب عدالت سے بری ہوئے،ملزمان کی ٹرائل کورٹ سے بریت سے ضمانت منسوخی کی اپیلیں غیر موثر ہو چکی ہے، نیب کے بیورو آفسز میں ملزمان کی بریت کا تمام ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیے کہ نیب ملزمان کو پکڑ کر جیلوں میں ڈال دیتا ہے،کیس ثابت نہ ہونے پر ملزمان عدالتوں سے بری ہو جاتے ہیں، سپریم کورٹ نے نیب سے احتساب عدالتوں سے بری ہونے والے ملزمان کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی ۔