مزید خبریں

قابض بھارتی فوج نے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

سرینگر/اسلام آباد (اے پی پی+صباح نیوز ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران سوپور اور پلوامہ میں مزید 4کشمیری نوجوانوں کوشہید کردیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 2 نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے تجن اور 2کو سوپور قصبہ کے علاقے طولیبل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔آخری اطلاعات آنے تک دونوں علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں جاری تھیں۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بیان میں نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ کشمیری شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ایک دن ضرور بھارت کو کشمیری عوام کو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دینا پڑے گا۔دریں اثنا پولیس نے سوشل میڈیا دی ریئل کشمیر نیوز فیس بک پیج کے آپریٹر کوگرفتار کرلیا ہے ۔یہ گرفتاری بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع کپواڑہ کے علاقے چندی گام لولاب میں ایک نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کرنے کی خبر جاری کرنے پر کی گئی ہے ۔ادھر پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں مزید 4کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھارت کو جوابدہ بنائے۔