مزید خبریں

کراچی سمیت بڑے شہروں میں سیلاب کا خطرہ ہے‘شیری رحمن

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔جاری بیان میں شیری رحمن نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے ممکنہ تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے صوبائی محکمے مربوط حکمت عملی اختیار کریں، پاکستان میں کم از کم اگست 2022 تک مون سون بارشیں ہوں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں بارش معمول سے زیادہ ہونے کی توقع ہے، اس موسمِ برسات میں ملک میں معمول سے زیادہ بارشوں کا رجحان رہے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے وسطی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔وفاقی وزیرِ ماحولیاتی تبدیلی نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث دریاوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی بہت زیادہ امکان ہے، جس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، پیش گوئیاں ہیں کہ پاکستان کو 2010 والی سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہو سکتا ہے۔