مزید خبریں

انقلاب محض نعروں اور دعووں سے نہیں آتا، دردانہ صدیقی

پشاور(نمائندہ جسارت) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ انقلاب کے لیے اعلیٰ اخلاقی کردار کی ضرورت ہے، صرف نظریے سے انقلاب نہیں آتا۔ اگر افراد کے اندر اخلاص و کردار کی جھلک نہ ہو اور وہ عملی طور پر انقلابی اوصاف پیش نہ کر سکیں تو محض دعوئوں اور نعروں سے کوئی انقلاب نہیں آسکتا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے 2 روزہ رپورٹنگ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹریز عنایت جدون، سکینہ شاہد اور معتمدہ تسنیم معظم بھی موجود تھیں۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا سب بڑا مسئلہ تباہ ہوتی ہوئی معیشت ہے اور اس کا حل سود سے پاک نظام معیشت ہے ۔ورلڈ کنٹری ڈائریکٹر نے بھی اس بات کااعتراف کیا ہے کہ جماعت اسلامی کی دی گئی معاشی پالیسی بہترین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس قیمتی مشن کے مدعی ہیں جس کے لیے نبی کریم ؐ نے طائف کا سفر کیا۔ ہمارا اجتماعی اور انفرادی کردار ایک ہونا چاہیے، کردار کاتضاد تحریک کے لیے زہر قاتل ہے،ہماری جدوجہد دعوت دین اور اقامت دین کی جدوجہد ہے، یہ جدوجہد انفرادی بھی ہے اور اجتماعی بھی، فرد کے اندر لگن اور تڑپ ہی اجتماعیت کو تقویت دیتی ہے ۔