مزید خبریں

یونیورسل سروس فنڈ:23ارب 13کروڑکابجٹ منظور

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے پالیسی کمیٹی اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فنڈ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کی پالیسیوں اور اسٹیٹ بینک کے کچھ قواعد ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے اور فری لانسرز کے ذریعے برآمدی ترسیلات کو بڑھانے میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی محسن مشتاق، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، ممبر ٹیلی کام سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت آئی ٹی کے ماتحت ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے مالی سال2022-23 کے لیے32 ارب 13 کروڑ روپے اور نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ (اگنائٹ) کے لیے 3 ارب 75 کروڑ روپے کے بجٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔وفاقی وزیرنے کہا کہ ایف بی آر کی بعض پالیسیوںکی وجہ سے سافٹ وئرز کا کام کرنے والی کمپنیاں و فری لانسرز بددل ہوکر اپنا کاروبار دوسرے ممالک منتقل کرنے کا سوچ رہے ہیں یہ خطرناک امر ہوگا کیونکہ ہمارا ٹیلنٹ یہاں استعمال ہوگا اور اس کے فوائد اور کریڈٹ دوسرا ملک حاصل کرلے گا۔ ضروری ہے کہ ٹیکس نفاذ سمیت دیگر سخت شرائط کو نرم کیا جائے اور آئی ٹی انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں تو ہم اس شعبے سے اربوں ڈالر زرمبادلہ حاصل کرسکتے ہیں، آئی ٹی کمپنیوں اور فری لانسرز کو ٹیکس مراعات و دیگر سہولیات نہ دی گئیں تو یہ صنعت جلد یا بدیر بند ہوجائے گی ۔