مزید خبریں

قومی اسمبلی:حکومت کی پی ٹی آئی کو ایوان کی کارروائی میں حصہ لینے کی دعوت

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں حکومت نے پی ٹی آ ئی کو ایوان کی کارروائی میں حصہ لینے کی دعوت دے دی۔وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان کنپٹی پر پستول رکھ کر الیکشن نہیں لے سکتے‘ ہم انہیں پہلے کی طرح دعوت دیتے ہیں‘ گالیاں بہت دے لیں اب آئیں ایوان میں بیٹھیں‘ صدر مملکت نے انتخابی اصلاحات بل کے حوالے سے جو طرز عمل اختیار کیا وہ افسوسناک ہے ۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں جے یو آئی (ف) کی رکن عالیہ کامران نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی کی تنخواہ اور سہولیات میں50 فیصد کمی جبکہ گریڈ18 اور اس سے بالا کے افسران کی تنخواہ میں20 فیصد کمی کی جائے‘ تمام وزرا پارلیمنٹ والی تنخواہ لیں ‘وزارت والی نہ لیں‘ افسروں اور پارلیمنٹرینز کے غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر پابندی عاید کی جائے ۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا۔ تحریک انصاف کے منحرف رکن اسمبلینواب شیروسیر نے کہا کہ کسانوں کو تیل، بجلی اورکھاد کا مسئلہ ہے، پورے پنجاب میں ہمیں کھاد نہیں مل رہی ، کھاد نہ ہونے کی وجہ سے فصل بہت متاثر ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اس وقت یوکرین وار کی وجہ سے ہر جگہ قلت ہے، ہم نے چین سے درخواست کی تھی انہوں نے این او سی اب دے دی ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے رکن حسین الٰہی نے کہا کہ حکمران مہنگائی کا نوٹس لیں جس سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے ‘جو ضمیر ان کا4 مہینے پہلے جاگا تھا وہ ضمیر آج کدھر ہے۔ قومی اسمبلی کی قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم قومی سلامتی امور پر بریفنگ دیں گے یہ 3 روز تک جاری رہے گا۔ نیب ترمیمی بل2022ء اور الیکشن ترمیمی بل 2022ء قومی اسمبلی کو موصول ہو گیا ، صدر عارف علوی نے دونوں بلوں کی توثیق سے انکار کردیا تھا۔ دونوں بل اب آج (منگل کو ) از خود قانون بن جائیں گے۔