مزید خبریں

الخدمت کے تحت’’فارمیسی سمرانٹرن شپ ‘‘پروگرام کا آغاز

کراچی(نمائندہ جسارت)الخدمت کراچی کے تحت 10روزہ ’’فارمیسی سمرانٹرن شپ پروگرام‘‘ 2022ء کا آغاز کردیا گیا ہے،جس میں جناح یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔انٹرن شپ پروگرام الخدمت ناظم آباد اسپتال میں منعقد کیا گیا ہے ،جس میں طلبہ وطالبات کے ساتھ الخدمت کے شعبہ فارمیسی کے ڈائریکٹر جمشید احمد،منیجر کاشف شمیم اوردیگر ذمے داران نے شرکت کی۔ سمر ’’انٹرن شپ پروگرام ‘‘میں فارمیسی کے طلبہ کراچی میں موجود اسپتالوں اور کمیونٹی فارمیسز کے مختلف شعبوں کا عملی طور پر مشاہدہ کریں گے ۔ ارسلان امین نے الخدمت کراچی کا مکمل جائزہ پیش کیا اور ایک بہتر اور خیال رکھنے والا معاشرہ بنانے کے لیے اس کے تعاون پر روشنی ڈالی۔انٹرن شپ پروگرام کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر تے ہوئے ڈائریکٹر الخدمت فارمیسی سروسز جمشید احمد نے پروگرام میں شامل ہونے والے طلبہ کا خیرمقدم کیا اور انہیں پروگرام کا مختصر تعارف پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کا شعبہ فارمیسی سروسز ’’فارمیسی سمرانٹرن شپ پروگرام‘‘کا اہتمام ہر سال کرتا ہے، جس میں مختلف یونیورسٹیز کے شعبہ فارمیسی کے طلبہ وطالبات کو شمولیت کا موقع فراہم کیا جاتا ہے ، انٹرن شپ پروگرام کا مقصد ان طلبہ کو متعلقہ شعبے میں علم آگہی فراہم کرنا ہے تاکہ یہ طلبہ اپنی استعداد اورصلاحیتوں کواپنے شعبے میں بروئے کار لاسکیں ۔جمشید احمد نے فارماسسٹ کے لیے دنیا بھرمیں خاص طور پر پاکستان میں موجود مختلف مواقع کے بارے میں بات کی اورطلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی اور بتایا کہ وہ کیسے اپنے اہداف حاصل کر سکتے ہیں اور وہاں کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں۔