مزید خبریں

مشرق وسطیٰ میں فضائی دفاعی اتحاد کے قیام کی کوشش کر رہے ہیں ، اسرائیل

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کی سربراہی میں ’مشرق وسطیٰ میں فضائی دفاعی اتحادکے قیام کی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق صہیونی وزیر دفاع بینی گینٹس نے پارلیمانی کمیٹی کو دی گئی بریفنگ میں اتحاد میں شامل ممالک کے نام نہیں بتائے ،تاہم ان کا کہنا تھا کہ فضائی نظام پہلے ہی ایران کی طرف سے حملوں کی کئی کوششوں کو ناکام بنا چکا ہے۔ پارلیمان کی کمیٹی برائے دفاع اور خارجہ امور کو دی گئی بریفنگ کے تحریری مسودے میں بینی گینٹس سے واضح کیا کہ یہ اقدام صہیونی حکومت کی سربراہی میں کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی قابض فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 2فلسطینی نوجوانوں کو اس وقت گرفتار کیا جب انہوں نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل میں داخل ہونے کی کوشش کی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان نوجوانوں کو جنوبی غزہ میں سرحدی باڑ کے قریب سے گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے ایک چاقو اور دیسی ساختہ بم برآمد ہوا۔ واضح رہے کہ چند روز میں قابض فوج سرحدسے دراندازی کی کوششوں کا الزام لگا کر کئی فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر چکی ہے۔ادھر لبنان میں قائم حماس کے پاپولر ایکشن بیورو نے کہا ہے کہ عالمی برادری اس فلسطینیوں کے حق کے لیے واضح اور فیصلہ کن موقف اختیار کرے۔ حماس کے بیروت میں قائم پاپولر ایکشن بیورو نے اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے اونروا کے سامنے موقف پیش کیا کہ امدادی ادارہ پناہ گزینوں کے حوالے سے اپنی سرگرمیاں دوبارہ سے شروع کرے، تاکہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے ریلیف سے متعلق کام چلتا رہے۔