کراچی (اسٹاف رپورٹر)تنظیمات اہلسنت کے اکابرعلما کرام ومشائخ نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ممتازعالم دین مفتی منیب الرحمن سے معافی مانگیں۔ پیرکو دارالعلوم امجدیہ کراچی میں علماء ومشائخ اہلسنّت وجماعت کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال کے مفتی اعظم پاکستان ،مفتی منیب الرحمن کے بارے میں کہے گئے گستاخانہ کلمات پر شدید غم وغصہ کا اظہار کیا گیا اور شدید ترین الفاظ میں اس کی مذمت کی گئی۔ مصطفی کمال کا یہ حملہ صرف مفتی اعظم پاکستان کی ذات پر نہیں، بلکہ پوری اہلسنّت وجماعت پر ہے، جس کا خمیازہ پوری پی ایس پی کو بھگتنا پڑے گا۔اجلاس میں مصطفی کمال سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر مفتی منیب الرحمن کی خدمت میں حاضر ہوکر غیر مشروط اعلانیہ معافی مانگیں، بصورتِ دیگرعظیم الشان علماء ومشائخ کنونشن دارالعلوم امجدیہ میں جلد از جلد منعقد کیا جائے گا، جس میں اہلسنّت وجماعت کی تمام تنظیمیں اور قائدین وعوام بھرپور شرکت کریں گے۔