مزید خبریں

قدیم عمارتوں میں نئی تعمیرات،عدالت کا مرتضیٰ وہاب کو نوٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے فیریئر ہال سمیت دیگر آثار قدیمہ میں شامل عمارتوں میں نئی تعمیرات کے خلاف دیوانی دعویٰ پر ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو فیریئر ہال میں نئے تعمیر ہونے والے دروازے کو فی الفور مسمار کرکے رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا ہے پیر کو جسٹس ذوالفقار احمد خان پر مشتمل سنگل بینچ نے فیریئر ہال سمیت دیگر آثار قدیمہ میں شامل عمارتوں میں نئی تعمیرات کے خلاف ماروی میمن کے دیوانی دعویٰ کی سماعت کی ۔ عدالت نے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو شہر میں آثار قدیمہ کی عمارتوں میں مداخلت سے بھی روک دیا۔ سماعت کے موقع پر عدالت کا کہنا تھا کہ آثار قدیمہ اور ثقافتی ورثے کو نقصان پہنچانا قابل برداشت نہیں ہے۔ درخواست گزار نے جبران ناصر کے توسط سے دائر دیوانی دعویٰ میں موقف اختیار کیا ہے کہ قانون کے مطابق آثار قدیمہ قرار دی جانے والی عمارتوں میں نئی تعمیرات نہیں کی جاسکتی ہیں لیکن اس کے باوجود فیریئر ہال جوکہ آثار قدیمہ کی عمارتوں میں شامل ہے، وہاں پر نئی تعمیرات کی جا رہی ہیں ،لہٰذا استدعا ہے کہ تعمیرات کو فی الفور روکا جائے۔