مزید خبریں

مددگارون فائیو پر بار بار قتل کی جھوٹی اطلا ع دینے والا گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مددگار ون فائیو پر بار بار قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ون فائیو مددگار پر بار بار قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والا آخر کارپولیس کے ہتھے چڑھ گیا،ملزم کے خلاف سکھن تھانے میں ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔کراچی کے علاقے لیبر اسکوائر بھینس کالونی میں قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم نور مصطفی ولد خدا بخش نے وڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے دو بار جھوٹی کالیں کر کے موبائل فون بند کر دیا تھا۔نور مصطفی نے اعتراف کیا کہ اس نے 15 روز قبل ون فائیو پر فون کیا اور کہا کہ یہاں 2 لاشیں پڑی ہوئی ہیں، اور اطلاع دینے کے بعد میں نے اپنا فون بند کر دیا۔ملزم کے مطابق 2 روز کے بعد اس نے پھر ون فائیو مددگار پر فون کیااور کہا ایک شخص نے بیوی کو قتل کر دیا ہے، اس کے بعد پھر میں نے اپنا فون بند کر دیا۔پولیس رپورٹ کے مطابق جھوٹی اطلاع پر جب پولیس ٹیم بھینس کالونی پہنچی، تو لوگوں نے بتایا کہ ایسی تو کوئی واردات نہیں ہوئی ہے۔ دوسری جانب ملزم نور نے غلطی کے اعتراف کے بعد معافی طلب کر لی ہے۔