مزید خبریں

مہنگائی کیخلاف ٹرین مارچ26 جون سے شروع ہوگا ، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ 26جون کو رحیم یار خان سے شروع ہوگا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے۔ جماعت اسلامی وسطی پنجاب نے اس حوالے سے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ٹرین مارچ کے شرکا کابھر پور استقبال کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹرین مارچ کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ26جون کو شروع ہونے والے ٹرین مارچ 3:30بجے چیچہ وطنی پہنچے گا۔ 4:10بجے ساہیوال، 4:45بجے اوکاڑہ،5:20بجے پتوکی، 5:45بجے کوٹ رادھا کشن،6:45بجے رائے ونڈ اور رات7:30بجے لاہور پہنچے گا جہاں اس کا شاندار اور عظیم الشان استقبال ہوگا۔ لاہور ریلوے اسٹیشن پر جلسہ عام منعقد ہوگا۔ جس میں جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جس رفتار سے مہنگائی بڑھ رہی ہے وہ ملکی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھی گئی۔ پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا مرکزی کردار رہا ہے۔ اس وقت ملک و قوم شدید قسم کے بحرانوں کا شکار ہیں۔ کرپشن اور لوٹ مار تینوں جماعتوں کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ قوم نے جس پر بھی اعتماد کا اظہار کیا اسی نے دھوکہ دیا ہے۔ 76برسوں سے یہی ظالم حکمران چہرے اور پارٹیاں بد ل بدل کر اقتدار میں آرہے ہیں۔ ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کی بے داغ قیادت پر اعتماد کرنا ہوگا۔ قوم کو چوروں، لٹیروں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مسترد کرنے سے ہی صالح قیادت میسر آسکتی ہے۔