مزید خبریں

میرپور خاص ،موسلا دھار بارش کی پیش گوئی،انتظامیہ غفلت کا شکار

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سندھ میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے میرپورخاص سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں تیز طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود میرپورخاص ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں حکومت کی جانب سے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا ڈرینج میگا پروجیکٹ کے نالوں سمیت دیگر نکاسی آب کے نالے اور نالیوں کی صفائی ستھرائی نہ ہونے کے باعث بارشوں سے قبل ہی ابل رہے ہیں شہر کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر کی اہم شاہراہوں پر اکثر گندا پانی جمع رہتا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق اگر تیز طوفانی بارشیں ہوتی ہیں تو شہر میں بڑی تباہی کا خطرہ ہے کروڑوں روپے کے فنڈز ہونے کے باوجود انتظامیہ نکاسی آب کے نالوں اور نالیوں کی صفائی ستھرائی نہ کرنے کے باعث امکانی تیز بارشوں سے 2011 ء کی صورتحال پید اہونے کا خدشہ ہے واضع رہے کہ 2011 ء کی طوفانی بارشوں کے باعث برساتی پانی تین ماہ تک نکالا نہیں جا سکا تھا۔ اس حوالے سے سیاسی ،سماجی اور مذہبی رہنمائو ں مولانا حفیظ الرحمن فیض ،واجد لغاری ،آصف معراج راجپوت اور دیگر عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث میرپورخاص شہر ہمیشہ سے گندگی اور غلاظت کا ڈھیر بنا رہتا ہے بارشوں سے قبل نکاسی آب کی لائنوں کی صفائی ستھرائی کے لیے ضلعی اوت میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے پاس کروڑوں روپے کا فنڈز ہو تا ہے لیکن اس کے باوجود صفائی نہیہں کرائی جاتی ہے اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا ڈرینیج میگا پروجیکٹ کے نالے پہلے ہی ابل رہے ہیں لیکن انتظامیہ نے چشم پوشی اختیار کی ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر کیاجائے۔