مزید خبریں

جہاں میدان آباد ہوں اسپتال ویران ہوتے ہیں،اکمل بشیر

بدین (نمائندہ جسارت) 32 ونگ تھر رینجرز بدین کے لیفٹیننٹ کرنل اکمل بشیر نے کہا ہے کہ جس علاقے کہ میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کہ اسپتال ویران ہوتے ہیں اور ہم اس نعرے ساتھ کام کرتے ہوئے بڑھتی ہوئی خودکشی کے موضوع پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدین میں نسبتاً دوسرے علاقوں کے خودکشی کا رجحان کم ہے لیکن پھر بھی ہمیں اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے تا کہ لوگوں میں اس ضمن میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 32 ونگ تھر رینجرز بدین کی جانب سے فٹبال گراؤنڈ نزد ریلوے اسٹیشن بدین میں منعقدہ رینجرز شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عموماً لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ خودکشی غریب ممالک یا غریب علاقوں کے لوگ کرتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے دنیا میں جاپان، سوئٹزرلینڈ جیسے ممالک جہاں غربت نہیں ہیں لیکن وہاں بھی خودکشی کی شرح بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خودکشی کی وجوہات میں ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ ایک دوسرے کی بات سننا چھوڑ دیں اور جب لوگ ایک دوسرے پر اپنے دل کے دروازے بند کرلیں تو اپنی زندگی ختم کرنا آسان سمجھا جاتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ اٹھا بیٹھا جائے اور ایک دوسرے کے مسائل پر بات چیت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل اور تفریح صرف کھیل اور تفریح ہی نہیں ہے یہ دل کے بندہ دروازے کھولنے اور ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اپنی آنے والی نسلوں کو زندگی کا مقصد فراہم کریں اور انہیں یہ بتائیں کہ اللہ نے ضرور آپ کو کسی مقصد کے لیے پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ تمام امیر غریب ایک جیسے ہو گئے ہو، دنیا کا نظام ہمیشہ سے ہی ایسا ہے لیکن اس کا حل خودکشی قطعی نہیں ہے اور نا ہی دنیا کے کسی مذہب میں اس کی اجازت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کی پریشانی کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، رینجرز کی بنیادی ڈیوٹی سرحدوں کا تحفظ ہے لیکن اگر کوئی انفرادی طور پر بھی عدم تحفظ کا شکار ہے تو اس کے لیے ہماری خدمات حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی بھی کام کرنے سے پہلے خود سے سوال کرنا چاہیے کہ یہ کام کیوں کیا جا رہا ہے اگر آپ کے پاس اس کا کوئی مثبت جواب موجود ہیں تو ہی وہ کام کریں۔ لیفٹیننٹ کرنل اکمل بشیر نے مزید کہا کہ آجکل ملک دشمن عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا کے توسط سے جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے جسے بغیر تحقیق آگے نہ بڑھایا جائے کم از کم یہ تحقیق ضرور کی جائے کہ میسج کس نے بھیجا ہے اگر آپ اس شخص سے متعلق نہیں جانتے اور بغیر تحقیق وہ میسج آگے بھیج رہے ہیں تو یہ گناہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر رینجرز نے مستقبل میں فٹ بال میچز کرانے کا بھی منصوبہ بنایا ہوا ہے اور اس طرح کے کھیلوں کا انعقاد جاری رہے گا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بدین پولیس اور تھر رینجرز کے مابین شوٹنگ بال کا اعزازی مقابلہ ہوا جبکہ نیاز شوٹنگ بال کلب حیدرآباد اور ایم کے دل بدین کے مابین کانٹے دار مقابلہ ہوا جسے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیاز شوٹنگ بال کلب حیدرآباد نے جیت لیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہنواز ایم کے دل، ایوان صحافت بدین کے صدر خالد محمود گھمن اور شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے سندھ کے صدر ڈاکٹر قیصر علی جتوئی نے بھی شرکا سے خطاب کیا۔