مزید خبریں

پیپلز بس سروس کے کرایوںکافیصلہ تاحال نہیںہوسکا

کراچی ( رپورٹ : محمدانور ) حکومت سندھ پیپلز بس سروس کے تحت کراچی میں شروع کی جانے والی پیپلز بس سروس کے کم از کم اور زیادہ سے زیادہ کرائے کا فیصلہ نہیں کرسکی تاہم سرکاری ذرائع کے مطابق (آج) منگل21 جون سے قبل تک اس ضمن میں سندھ کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کرلیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق(آج) منگل21 جون سے بیک وقت لاڑکانہ اور کراچی کے ایک روٹ پر بسیں چلائی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافے کے باعث پیپلز بس سروس کے کم از کم اور زیادہ سے زیادہ کرائے کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے تاہم اب یہ معاملہ سندھ کابینہ کے سپرد کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تاثر درست ہے کہ کراچی کے لیے منگوائی جانے والی بسوں میں سے کچھ لاڑکانہ میں چلائی جائیںگی۔ اس بارے میں سندھ ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایم ڈی الطاف حسین ساریو نے بتایا ہے کہ مجموعی طورپر یہ منصوبہ 250 بسوں کا ہے جس میں سے 240 کراچی کے7 روٹس پر اور10 بسیں لاڑکانہ کے ایک روٹ چلائی جائیں گی ۔ اب تک 120 بسیں آچکی ہیں۔ 21 جون سے روٹ نمبرایک کی 25 بسوں کاافتتاح کردیا جائے گا۔ الطاف ساریو کا کہنا تھا کہ ان بسوں کا آغاز 14 جون سے کیے جانے کی خبر غلط فہمی کا نتیجہ تھی۔ لاڑکانہ کا ایک روٹ نیو بس ٹرمینل سے قائد عوام یو ای ٹی تک ہوگا۔