مزید خبریں

پاکستان کا گرے لسٹ سے نکلنا معیشت کیلیے مثبت ثابت ہوگا،سرمایہ کاری بڑھے گی

کراچی (رپورٹ: قاضی جاوید) پاکستان کا گرے لسٹ سے نکلنا معیشت کے لیے مثبت ثابت ہوگا‘ سرمایہ کاری بڑھے گی‘ فیٹف کا بیان پاکستان کی عالمی ساکھ کی بحالی کا اعتراف ہے ‘ ہمیں مزید خوشخبریاں اور کامیابیاں ملیں گی‘ اسلام آباد کی راہ میںرکاوٹیں ڈالنے کی تمام بھارتی سازشیں ناکام ہوئیں‘ پاکستان نے گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے طویل جدوجہد کی‘ کہیں ہار نہ مانی‘ شدید اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، چیئرمین شہزاد علی ملک، صدر زبیرطفیل، سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، سارک چیمبر کے صدر اور یو بی جی کے سابق چیئرمین افتخار علی ملک، خالد تواب، مظہر علی ناصر، حنیف گوہر، طارق حلیم، مرکزی ترجمان گلزار فیروز اور دیگر رہنماؤں نے جسارت کے اس سوال کے جواب میں کیا کہ ’’کیاگر ے لسٹ سے نکلنا ملکی معیشت کے لیے ضروری ہے؟‘‘ انہوں نے ایف اے ٹی ایف کے اس اعلان پر کہ پاکستان کی جانب سے 34 نکات پر مشتمل 2 ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے اور پاکستان کے گرے لسٹ سے نکالنے کی خبر کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی کامیابی اور اس کی معیشت کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم ہے‘ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے فوری عملدرآمد نہایت اہم اور ضروری ہے‘ اس کامیابی پر انہوں نے آ رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور پاکستان کے سابق حکمرانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایف اے ٹی ایف اجلاس کے آخری روز فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے صدر ڈاکٹر ماکوس پلیئر نے اعلان کیا کہ پاکستان نے تمام شرائط پرمکمل عملدرآمد کیا ہے اور جلد ہی پاکستان کو گرے لسٹ سے خارج کر دیا جائے گا۔ یونائٹیڈ بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے یہ خبر پاکستان کے لیے خوشخبری اور بھارت کے لیے مایوس کن ہے جس نے پاکستان کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی تمام تر کوششیں کیں لیکن خدا کا شکر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سرخروکیا۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سے نکلنے کے لیے طویل جدوجہد کی ہے اور شدید اتارچڑھاؤ دیکھے گئے لیکن پاکستانی حکومت نے کہیں ہار نہ مانی اور گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے ان تمام شرائط کو مکمل کیا جو (فیٹف) کی ضرورت تھیں۔ زبیرطفیل نے کہا کہ پاکستان نے فیٹف کا پہلا مرحلہ جیت لیا ہے اور اب فیٹف ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا اور یہ دورہ اکتوبر تک متوقع ہے‘ گرے لسٹ کی پابندیوں کا خاتمہ پوری پاکستانی قوم کی دعاؤں کا ثمر ہے۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ گرے لسٹ سے پاکستان کو نکالنے کے لیے عملدرآمد شروع ہوچکا ہے‘ اسلام آباد کی بڑی کامیابی ہے‘حکومتی اداروں، حکمرانوں اور ان کی متعلقہ ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے اور مجموعی طور پرسب کی کاوشیں رنگ لائی ہیں۔ افتخار علی ملک نے وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیٹف سے متعلق تشکیل کردہ بنیادی سیل، فوجی، سول قیادت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ ظفر بختاوری نے پاکستان کی جیت کے لیے کام کرنے والی حکومت کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیٹف کا بیان پاکستان کی عالمی ساکھ کی بحالی کا اعتراف ہے اور اب مزید خوشخبریاں اور کامیابیاں آنے والے وقت میں پاکستان کا مقدر بنیں گی۔