مزید خبریں

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس سندھ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، سیکرٹری داخلہ سعید احمد مجگریجو، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ اور دیگر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ
ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ حکومت سندھ بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے کہا کے این اے 240 کے واقعے کا الیکشن کمیشن نے اسکا نوٹس لیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات 2 مرحلوں میں ہونگے، پہلے مرحلے میں 26 جون کو سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، اور میرپور خاص ڈویژن کے 14 اضلاع میں ہونگے۔ پہلے مرحلے میں 21298 امیدوار حصہ لے رہیں ہیں جب کے 25 ملین سے زاید بیلٹ پیپر کی چھپائی کی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کے 2980 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور پولیس موجود ہوگی اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ نے صوبائی الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے لیے سیکورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔