مزید خبریں

رمضان شوگر ملز کیس، وزیر اعظم کی حاضری سے مستقل استثنا کی درخواست منظور

لاہور ( نمائندہ جسارت) احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز کیس میں وزیر اعظم شہبازشریف کی مستقل حاضری سے استثنا کی درخواست منظورکرلی۔پیر کے روزاحتساب عدالت میںوزیر اعظم شہبازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کیخلاف آشیانہ ہائوسنگ اور رمضان شوگرملز کیس کی سماعت ہوئی۔وزیراعظم شہبازشریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے حاضری معافی کی درخواست دائر کردی، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے،احتساب عدالت میں ملزمان کی حاضری سے مستقل استثنا کی درخواست پر دلائل دیے گئے ۔ وکیل وزیراعظم امجد پرویز نے کہا کہ میرے موکل بیرون ملک گئے توعدالت انکومستقل حاضری معافی دے چکی ہے، اس وقت شہباز شریف کا پلیڈر ایڈووکیٹ محمد نواز کو مقرر کیا گیا تھا،شہباز شریف وزیراعظم اور مختلف اہم امور میں مصروف رہتے ہیں، پہلے نیب پراسیکوٹر نے کہا یہ حاضری سے استثنا کاغلط استعمال کر رہے ہیں، وزیراعظم بننے کے بعدبھی 2بارعدالت کے احترام میں پیش ہوئے ، جب تک کیس چلتا رہے گاان کا پلیڈر پیش ہو گا،شہباز شریف کے وکیل نے مزید کہا کہ عدالت نے جب طلب کیا تب شہبازشریف پیش ہوئے، استدعا ہے کہ عدالت شہبازشریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔نیب پراسیکوٹر نے مستقل حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا گزشتہ 6ماہ سے کیس آگے نہیں بڑھ سکا، استثنا دینے کے بعد کیس تیزی سے آگے نہیں بڑھ سکے گا، احتساب عدالت استثنا کی درخواست مستردکرے۔ مقدمے کے اس مرحلے پرملزم کا پیش ہونا ضروری ہے، کوئی ایسی ایمرجنسی نہیں ہے یہ پیش نہ ہو سکیں۔دوران سماعت وزیراعظم شہبازشریف عدالت کی اجازت سے روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ گر اجازت ہوتو کچھ عرض کرنا چاہتا ہوں، میں نے کبھی بلاجواز ناغہ نہیں کیا، جب بھی عدالت لگی میں حاضر ہوا،یہ میرا فرض بھی ہے، یہ درخواست دینے کا مقصد صرف یہ ہے کہ میری ذمہ داری بڑی ہے، مجھے آئی ایم ایف،بلوچستان بجٹ ودیگر امور پرمیٹنگز میں شامل ہونا ہوتا ہے ، قومی ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں اس لیے یہ درخواست دی، ورنہ میں کبھی مستقل حاضری معافی کی درخواست نہ دیتا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں تو خود اس کیس میں پیش ہوا، مجھے دوبارہ اسی کیس میں گرفتار کر لیا گیا، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ جب آپکی اس حوالے سے متعلقہ بات آئے گی تو تب ہم دیکھیں گے، ابھی تو آپ کی مستقل حاضری معافی کی درخواست کو دیکھنا ہے۔ شہباز شریف نے بتایا کہ 18کروڑ کا نالہ تعمیر کر کے مل کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے ، اس طرح کے اربوں روپے کے نالے میں نے بنوائے ، بچوں کی مل کو فائدہ پہنچانا ہوتا تو 92 سے شوگر ملز قائم ہے۔ لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف کی مستقل حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی۔